ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسکولوں کو نجی اداروں کے حوالے کرنے کی اسکیم اگلے ماہ سے : تنویر سیٹھ

اسکولوں کو نجی اداروں کے حوالے کرنے کی اسکیم اگلے ماہ سے : تنویر سیٹھ

Sun, 25 Sep 2016 11:34:54    S.O. News Service

بنگلورو24؍ستمبر(ایس او نیوز)ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات تنویر سیٹھ نے اعلان کیا ہے کہ کارپوریٹ اداروں کو سرکاری اسکولس دیکھ بھال کیلئے دینے کی اسکیم کو اگلے ماہ سے دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔ آج وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ کرشنا میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تنویر سیٹھ نے کہاکہ اس سے پہلے یہ اسکیم نافذ کی گئی تھی، لیکن اس پر عمل روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ نجی تعلیمی اداروں کی طرف سے سرکاری اسکولوں کو گود لے کر انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا ذمہ لیا جارہا ہے۔ اگلے ماہ سے اس اسکیم کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔اکھل بھارتیہ کنڑا ساہتیہ سمیلن جو رائچورمیں 18 دسمبر کو منعقد ہوگا اس کے گرانٹ کو دو کروڑ سے بڑھاکر دس کروڑ کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سدرامیا سے گذارش کرنے اور اس سمیلن میں شرکت کیلئے مدعو کرنے کے بعد انہوں نے کہاکہ رائچور ضلع کے انچارج وزیر ہونے کے ناطے وہ اس سمیلن کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات جدوجہد کریں گے۔ کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں انہوں نے کہاکہ وہ کاویری طاس سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی ہیں اسی لئے یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر گندی سیاست نہیں ہونی چاہئے ، کل ہی لیجسلیچر میں تمام سیاسی پارٹیوں نے اتفاق رائے سے ایک قرار داد منظور کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت عوام اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کی پابند ہے۔ 
 


Share: